نئی دہلی21فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے باغی لیڈر شتروگھن سنہا نے مبینہ طور پر بدھ کو کہا کہ بھگوا پارٹی پنجاب نیشنل بینک گھپلہ سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے دہلی چیف سکریٹری معاملہ کو طول دے رہی ہے۔ سنہا نے ٹوئٹر پر لکھا کہ عآپ ممبران اسمبلی کے ذریعہ مبینہ طور پر چیف سکریٹری پر حملہ ، اور ہلا بول کا واویلا، کیا یہ سب شرمناک پی این بی گھپلہ اور نیرو مودی کے ملک سے فرارہوجانے کے معاملہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش نہیں ہے؟ ایک بات جو میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ اروند کجریوال ایک مہذب اور ایمان دار آدمی ہیں۔دہلی چیف سکریٹری انشو پرکاش نے الزام لگایا ہے کہ عآپ کے ممبران اسمبلی نے اشتہاری مہم میں تاخیر ہونے کی وجہ سے وزیراعلی اروند کجریوال کے ذریعہ طلب کی گئی ایک میٹنگ میں ان پر حملہ کیا۔ جبکہ عآپ اور دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ میٹنگ آدھار لنک کی وجہ سے راشن کی تقسیم میں ہو رہی تاخیر اور اس سلسلے میں عوام کو پیش آنے والی مشکلات کے معاملہ میں بلائی گئی تھی۔13سو کروڑ روپئے کے پی این بی گھپلہ جس میں ارب پتی ہیروں کا تاجر نیرو مودی ملزم ہے، حکومت اس کادفاع کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ مودی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ گھپلہ سابقہ سرکار میں ہوا تھا اور انہوں نے اس کا انکشاف کیا ہے۔سی بی آئی، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور محکمہ انکم ٹیکس کے علاوہ دیگر خفیہ ایجنسیوں نے اس گھپلہ کی جڑ تک پہنچنے کے لیے تفتیشی کاروائیاں تیز کردی ہیں۔